بیجنگ،4؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاہے کہ ہندوستانی فوج نے سکم سرحد کے چین کے حصے میں داخل ہوکر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ نئی دہلی کو عالمی کنونشن کی پاسداری کرنا چاہئے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سکم چین کا حصہ ہے۔ یہ سرحد چین اور برطانیہ کے درمیان اٹھارہ سو نوے میں معاہدے کے بعد طے ہوئی تھی۔ہندوستان کی تمام حکومتیں اسے تسلیم کرچکی ہیں لیکن اگر ہندوستان چینی سرحد کے حصے میں داخل ہوگا تو اس کی ذمے داری خود ہندستان پر عائد ہوگی۔چینی ترجمان نے بتایا کہ جنوبی بحیرہ چین میں امریکی بحری بیڑے کی آمد کے معاملے پر امریکی صدر ٹرمپ اور چینی ہم منصب میں رابطہ ہوا ہے۔ چینی صدر نے امریکی صدر پر واضح کردیا ہے کہ امریکی بحری بیڑے کی آمد اشتعال انگیزی ہے۔ اسے برداشت نہیں کیا جائیگا۔